بھٹکل:11/مارچ (ایس او نیوز) ملک کی بڑی ریاست اترپردیش میں بی جے پی کی زبردست کامیابی پر مقامی بی جے پی لیڈران اور کارکنان نے شمس الدین سرکل پر پٹاخے پھوڑکر، مٹھائی تقسیم کرتے ہوئے جشن منایا۔ اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے بھٹکل بی جے پی صدر راجیش نائک نے اُترپردیش اور اُترکھنڈا میں بی جے پی کی شاندار جیت پر وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی صدر امت شاہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ مودی نے عوام کی حمایت میں جو کام کئے بالخصوص نوٹ بندی سے ملک کے عوام نے بی جے پی کو جیت دلائی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اگلے سال کرناٹک میں ہونے والے انتخابات میں بھی بی جے پی اسی طرح کامیابی حاصل کرے گی۔
اس موقع پر کانگریس سے بی جے پی میں شامل ہونے والے سابق رکن اسمبلی جے ڈی نائک سمیت بی جے پی لیڈرس گوندنائک، سنیل نائک، دینیش نائک، سبرائے دیواڑیگا، بھاسکر دئیمنے ، سنتوش نائک، مکندنائک، لکشمن نائک وغیرہ موجود تھے۔